نگراں وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد کا منوڑہ آئی لینڈ پر آر او پلانٹ کا دورہ، منصوبے کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر اظہار برہمی

کراچی   نگراں وزیر صحت، سماجی بہبود، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے منوڑہ آئی لینڈ پر واٹر ڈی سیلینیشن آر او پلانٹ دورہ کیا اور منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ راجہ شاہ زمان کھوڑو، ایڈیشنل سیکریٹری مشتاق احمد شیخ و دیگر افسران موجود تھے۔

منصوبے کی تفصیلی بریفنگ اور دورے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر ڈاکٹر سعد خالد نے منصوبے کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے منوڑہ آئی لینڈ اور ملحقہ آبادی کو کھارے پانی کو آر او پلانٹ کے ذریعے ٹریٹ کرکے پانچ لاکھ ایم جی ڈی میٹھا پانی میسر آنا تھا، 2016 سے شروع ہونے والا منصوبہ ہزاروں افراد کا دیرینہ مطالبہ تھا جو بروقت مکمل ہوجانا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا کہ منصوبے کی اسکیم کو 2018 ریوائز کیا گیا لیکن اس کے باوجود آج 2023 میں منصوبہ نامکمل ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ منصوبے کا کانٹریکٹر لاپتہ ہے جس کو تلاش کررہے ہیں لہذا کانٹریکٹر سے بات کیے بغیر تکمیل کی حتمی تاریخ نہیں دی جاسکتی تاہم امید ہے کہ کانٹریکٹر کے سامنے آتے ہی ہم جلد اس منصوبے کو مکمل کرلیں گے۔ جامعہ کراچی کی ڈی این اے لیب کے لیے منظور کردہ رقم کی ادائیگی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نے کہا کہ جامعہ کراچی کی ڈی این اے لیب کے لئے منظور کردہ رقم کی ادائیگی کا معاملہ ایک ہفتے میں حل ہوجائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ جان بچانے والی ادویات جلد سے جلد مارکیٹ میں میسر ہوں۔ دریں اثناء نگراں وزیر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے نیول ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں کموڈور محمد خالد نے انکا استقبال کیا۔ ملاقات میں نگراں وزیر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کموڈور محمد خالد سے آر او پلانٹ و دیگر امور پر تبادل? خیال کیا۔ کموڈور محمد خالد نے نگراں وزیر کو بھٹ آئی لینڈ پر بنیادی صحت کے مرکز میں سہولیات کی عدم موجودگی کی بھی نشاندہی کی۔ نگراں وزیر نے ڈپٹی ڈی جی ہیلتھ سروسز کو مذکورہ بنیادی طبی مرکز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی#/s#

Leave A Reply

Your email address will not be published.