وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا بھر پور مؤقف پیش کیا ہے۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آج دورہ اختتام پذیر ہوگیا ہے، ملاقاتیں بہت مفید رہیں۔
پاکستان مشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر، کلائیمٹ چینج اور فلسطین کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا، ہمارا دورہ بہت کامیاب رہا ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی ریاست پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، پاکستان بھارت کی دہشتگردی کا نشانہ رہا،کینیڈا میں سکھ رہنما کا بہیمانہ قتل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کو کینیڈا میں بھارتی اقدامات کی وجہ سے جھٹکا لگا ہے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعمیری بات چیت ہورہی ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ دنیا کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی سمیت ہر قسم کی دہشتگردی ختم کرنی ہوگی، ہندوتوا جیسے نظریات نے دنیا میں اسلاموفوبیا کو بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی کشمیر ہے،افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش پاکستان میں دہشتگرد حملے کر رہے ہیں ، چاہتے ہیں کہ کابل ان حملوں کو روکنے میں پاکستان کی مدد کرے۔