امید ہے دنیا میں پاکستان کی عدلیہ کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا: شہبازشریف

0

سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کوچیف جسٹس پاکستان کامنصب سنبھالنے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے دنیا میں پاکستان کی عدلیہ کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عدل، آئین، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، عوام عدل وانصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں، دعا ہے نئے چیف جسٹس پاکستان اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے عدل کے ایوانوں میں عدل کی روایات کا ڈنکا بجے گا۔

یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے 29 ویں چیف جسٹس کی حیثیت میں حلف اٹھا لیا ہے۔

ایوان صدر اسلام آباد منعقدہ حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کے تمام ججوں سمیت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چاروں صوبائی گورنرز، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا اور وکلا بھی شریک ہوئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عہدہ حلف اٹھانے کے بعد سماعت کیلئے پہلا بینچ بھی تشکیل دے دیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ کئی ماہ سے یہ مؤقف اختیار کر رکھا تھا کہ جب تک سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا فیصلہ نہیں ہوتا وہ کسی بھی بینچ کا حصہ نہیں بنیں گے اور انہوں نے اس بات کا اظہار ملٹری کورٹ سے متعلق کیس کے بینچ سے علیحدہ ہوتے وقت بھی کیا تھا۔

اب انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر سماعت کیلئے پہلا بینچ تشکیل دیکرکیس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت سپریم کورٹ کا 15 رکنی فل کورٹ کرے گا جبکہ کیس کی سماعت آج ہو گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.