پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت برطانوی ہائی کمشنر کے الیکشن کمیشن کے دورے پر تذبذب کا شکار ہوگئی ہے، رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آ گئے۔
برطانوی ہائی کمشنر کے الیکشن کمیشن آفیس کے دورے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر کے دورے کے مقاصد ناقابلِ فہم ہیں، ان کی الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما ذلفی بخاری نے برطانوی ہائی کمشنر کی الیکشن کمیشن میں ملاقات کو خوش آئند قرار دے دیا۔
ذلفی بخاری نے کہا کہ وہ برطانوی ہائی کمیشن سمیت تمام سفارت کاروں کی ملاقاتوں کو خوش آئند سمجھتے ہیں، ہو سکتا ہے ایسی ملاقاتیں آزاد اور شفاف انتخابات کیلئے معاون ثابت ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سے تعارفی ملاقات کے دوران ملک میں شفاف، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور آزاد انتخابات یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔