امن و امان کی بحالی کیلئے لیویز فورس کی قربانیاں کسی تعارف کی محتاج نہیں عبدالغفار مگسی
ڈائریکٹر بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے کہا کہ کسی بھی فورس کے لئے جدید تربیت بنیادی ضرورت ہوتی ہے،امن و امان کی بحالی کیلئے لیویز فورس کی قربانیاں کسی تعارف کی محتاج نہیں۔
امن وامان کی بحالی سمیت قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار لیویز ٹریننگ سینٹر میں لیویز فورس کی 17 واں پاسنگ آوٹ پریڈ کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراء ڈپٹی ڈائریکٹر بلوچستان لیویز فورس شاہنواز خان مندوخیل بھی تھے 17 واں پاسنگ آوٹ میں تین اضلاع قلات، واشک اور زیارت کے 442 ریکروٹس شامل تھے۔
پاسنگ آوٹ پریڈ میں پاس آوٹ ہونیوالے لیویز کے جوانوں نے سنیپ چیکنگ، ویپن ہینڈلنگ، وی آئی پی پروٹیکشن، کلوز کواٹر بیٹل اور ان آرمڈ کومبیٹ سمیت دیگر شاندار تربیتی مہارتوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر عبدالغفار مگسی نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ صوبے میں قیام امن کے لئے ہماری لیویز فورس نے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں۔قیام امن میں لیویز فورس نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف لیویز کا کردار اور قربانیاں منفرد ہیں بلوچستان کی سلامتی اور عوام کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیویز فورس کے پاس آؤٹ ہونے والے جوان اپنے حلف کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت اور عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے آخر میں نئے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے پر نگران صوبائی وزیر داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس اور اپنی جانب سے نوجوانوں کو خراج تحسین اور مبارکباد پیش کی