تہران(حال نیوز) ایران نے برطانوی بحری جہاز دی سٹینا امپیرو کو تحویل میں لیے جانے کی کارروائی کی مکمل ویڈیو جاری کردی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے برطانوی آئل ٹینکر پر پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کے قبضے کی کارروائی کی ویڈیو جاری کردی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 4 کشتیوں نے آئل ٹینکر کو چاروں طرف سے حصار میں لے رکھا ہے اور ایک ملٹری ہیلی کاپٹر آئل ٹینکر کے اوپر محو پرواز ہے۔
دوسرے ہی لمحے پاسداران انقلاب کے نقاب پوش اہلکار برطانوی آئل ٹینکر کے اندر داخل ہوجاتے ہیں اور عملے کو تحویل میں لے لیتے ہیں۔ اس ویڈیو کو دو کیمروں کی مدد سے فلم بند کیا گیا ہے، ایک کیمرہ مین اسپیڈ بوٹ پر سوار ہے جب کہ دوسرے نے ہیلی کاپٹر سے فلم بندی کی۔
ادھر ایران کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قبضے میں لیے گئے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے کے 23 ارکان مکمل خیریت سے ہیں۔ عملے میں زیادہ تر بھارتی، فلپائنی اور روسی شہری شامل ہیں۔دوسری جانب برطانوی بحری جہاز دی سٹینا امپیرو کی ملکیت رکھنے والی کمپنی کے مالک نے عملے کے ارکان سے ملنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔