ورلڈ کپ سیمی فائنل…. سٹیڈیم ”خالصتان زندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھا

0

مانچسٹر (حال نیوز) بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل میچ کے دوران ایک سکھ تماشائی کو سیاسی نعرے بازی پر سٹیڈیم سے نکال دیا گیا جبکہ ان لمحات کی ویڈیو بھی منظرعام پر آ چکی ہے جس میں سکھ تماشائیوں کو ’خالصتان زندہ باد‘ کے نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گراﺅنڈ سیکیورٹی نے سٹینڈز میں بیٹھے شائقین کو بغیر کسی مزاحمت کے سٹیڈیم سے نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق 4 سکھ نوجوانوں نے جو ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھیں ان پر کچھ سیاسی پیغامات درج تھے اور ورلڈ کپ کے دوران کسی بھی قسم کے سیاسی پیغام کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ چاروں افراد بظاہر سکھ علیحدگی پسند تحریک کی مہم کو چلانے کیلئے آئے اور میچ کا فائدہ اٹھا کر اپنا پیغام دنیا کو پہنچانا چاہتے تھے۔ان افراد نے بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ بھارت سکھوں کو علیحدہ سرزمین دینے کیلئے ریفرنڈم کا انعقاد کرائے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست کے سکھ برادری سے جانبدار روئیے سے تنگ آ کر انگلینڈ میں سکھ علیحدگی پسند اپنے علیحدہ ملک ’خالصتان‘ کیلئے منظم مہم ایک عرصے سے چلا رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی گئی ہو بلکہ اس سے قبل سری لنکا اور بھارت کے درمیان میچ میں جہاز کے ذریعے فضا میں بینر لہرائے گئے تھے جس میں کشمیر کے لیے انصاف اور اس کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.