جب تک اللہ کی مرضی ہوگی میں ٹیم میں رہوں گا:امام الحق

0

لاہور( حال نیوز)قومی اوپنر امام الحق کا کہنا ہے کہ ہم نے ورلڈ کپ میں بہت محنت کی لیکن نتیجہ ہمارے حق میں نہیں گیا،جب تک اللہ کی مرضی ہوگی میں قومی ٹیم میں رہوں گا۔لاہور میں قومی ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور بابر اعظم نے پریس کانفرنس کی اور ورلڈ کپ کی کارکردگی سے متعلق بات چیت کی۔امام الحق نے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں، میرا کام صرف پرفارم کرنا ہے، محنت کرتا ہوں، اللہ عزت دینے والا ہے، اس کی مرضی ہوئی تو ٹیم میں رہوں گا۔

امام الحق نے کہا کہ ابتدائی میچز میں شکست کے ذمہ دار چیف سلیکٹر نہیں، ہم نے اچھا نہیں کھیلا اس وجہ سے شکست ہوئی، جیسے ہم ورلڈ کپ کھیلنے گئے تھے تو باقی ٹیمیں بھی پوری تیاری کے ساتھ آئیں تھی اور ہم بہتر تیاری کے لیے ورلڈ کپ سے بہت پہلے انگلینڈ گئے تھے، ہم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی بدقسمتی سے ہم 5 میچز نہیں جیت سکے، ہمارے بہت مشکل میچ ہوئے اور بلے بازوں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔

امام الحق نے کہا کہ پہلے میچ میں ہم سب بہت پریشان تھے اور اس میچ میں جیسی تیاری تھی ہم ویسا نتیجہ نہیں آیا تھا لیکن بعد میں ہم نے جس طرح کا کم بیک کیا اور سیکنڈ ہاف میں ہم اچھا کھیلے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کرکٹ ہے کھیل ہے اس میں اونچ نیچ ہوتی ہے کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے ہم نے محنت بہت کی لیکن نتیجہ ہمارے حق میں نہیں گیا۔

ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم نے کہا کہ میرا کام صرف کرکٹ کھیلنے کا ہے، مجھے خود پر یقین ہے کہ میں نے ہر میچ میں اپنا سو فیصد دینا ہے۔کپتانی سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کرنا ہے پی سی بی نے کرنا ہے۔رن ریٹ سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ہم جو پہلا میچ ہارے اور آخر تک ہمیں اس کا نقصان ہوتا رہا، ہم اوپر نیچے آوٹ ہوتے رہے، پہلے میچ میں اچھی بیٹنگ نہ کرسکے جس کی وجہ سے ہمارا رن ریٹ کم رہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.