گندے پانی سے کاشت کی گئی سبزیاں تلف کردیں گئیں

0

کوئٹہ(حال نیوز) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر ر بشیر احمد کی سر براہی میں بی ایف اے کی آپریشنل ٹیم نے جمعرات کے روز اسپنی روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گندے نالوں کے پانی سے کاشت کی گئی سبزیاں تلف کردیں ۔

ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے میجر ر بشیر احمد نے بتایا کہ گندے پانی سے کاشت کی گئی سبزیوں میں انتہائی مہلک اور خطرناک کیمیکل شامل ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں۔

نالے کے پانی سے اگائی گئی سبزیوں میں زہریلے مادے شامل ہوکر خوراک کا حصہ بنتے ہیں جو لوگوں میں ہیپاٹائیٹس سمیت دیگر مختلف موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیںجبکہ کاشت کار اور زمیندار حضرات ایسے پانی سے صرف پھول، بانس اور انڈور پلانٹس یا دیگر خوردنی فصلیں کاشت کر سکتے ہیں۔

عوام تک پہنچنے والی ہر خوراک کو محفوظ و معیاری بنانا بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے فوڈ اتھارٹی خوراک کے اگانے سے کھانے تک کے تمام مراحل کی کڑی نگرانی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

گندے پانی سے کھیتوں کی سیرابی روکنے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے بھر پور کارروائیوں کا آغاز کیا ہے جس کے تحت رواں ہفتے گند ے پانی سے اگائی گئی فصلوں کے خلاف بی ایف اے کا مختلف علاقوں میں بلا امتیاز کریک ڈاون جاری رہے گا ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ اگلے مرحلے میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر زمینداروں اور کاشتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.