جو قومیں وقت کےساتھ خود کو نہیں بدلتیں وہ پیچھے رہ جاتی ہیں، جام کمال

0

کوئٹہ (حال نیوز)وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کی بہت اہمیت ہے اور وقت کےساتھ ضروریات بھی بدلتی ہیں جو قومیں وقت کے تقاضوں کے مطابق خود کو نہیں بدلتیں وہ پیچھے رہ جاتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلباءمیںلیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ،تقریب میں صوبائی وزراءزمرک خان اچکزئی،نصیب اللہ مری،حاجی طوراتمانخیل،عبدالخالق ہزارہ ،محمد خان لہڑی، پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند، شاہینہ مہترزئی، وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی آغا شکیل درانی اور رامین محمد حسنی، صوبائی سیکریٹری اور طلباءوطالبات بھی شریک تھے ۔

وزیراعلیٰ نے طلباءسے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو سرکاری نوکری کے حصول تک محدود نہ رکھیں مستقبل آپ کے لیے پوری دنیا ہے آج کا دور جدید دور ہے اور طلباءصنعت،آئی ٹی،زراعت،جدید طرز فارمنگ، طب اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جیسے اسپیشلائز ڈ شعبوں کی طرف جا رہے ہیں آپ کی پہلی ترجیح تعلیم اور بہتر تعلیم ہونی چاہیے زندگی نے آپ کے لئے بہت سے مواقع رکھے ہیں اسکول ایک پلیٹ فارم اور ایک ایسی نرسری ہے جہاں پہلے آپ ثقافت، معاشرت اور تاریخ سے آشنا ہوتے ہیں میٹریکولیشن کے بعد آپ اپنی منزل کا تعین کرتے ہیں یہاں کیریئر کونسلنگ کی بہت ضرورت ہے تاکہ آپ جس بھی شعبے میں اپنا لوہا منوانا چاہتے ہیں اس کا حصول اور تعین آسان ہوسکے اور طلبہ میں موجود مخفی صلاحیتیں بہترین طریقہ سے اجاگر ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت سے ایسے شعبے ہیں جنہیں ابھی تک ہم نے چھوا بھی نہیں ہے ان شعبوں میں محنت کرنے کی ضرورت ہے اب طلبہ صرف ڈاکٹر،انجینئر،بی بی اے اور ایم بی اے سے ہٹ کر وقت کے تقاضوں سے مطابقت رکھنے والے جدید شعبوں کا انتخاب کر رہے ہیں آج کے دور کی بہترین معیشت علم کی بنیاد (knowledge based) ہے اور لیپ ٹاپس طلبہ کی جدید معلومات تک رسائی کو آسان بناتے ہیں اور طلباءعلمی سطح پر ہونے والے نئے تجربات، مشاہدات، کتب اور دریا فات سے خود کو ہمہ وقت باخبر رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پہلے بجٹ میں گزشتہ ادوار کی روایتی نوکریوں سے ہٹ کر اسپیشلائزڈ اسامیاں تخلیق کی ہیں جو یقینا موجودہ دور کا تقاضا ہے جس میں لائیوسٹاک،صحت،آثار قدیمہ،فلکیات بندرگاہ اور میری ٹائمز جیسے شعبے شامل ہیں اس بجٹ میں ہم نے ضرورتوں کو مدنظر رکھا ہے سوشو اکنامک پلان اور پروگرام بنائے ہیں ہم اپنی 750 کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی پر تجارت،سیاحت اور میرین سائنس کو فروغ دے سکتے ہیں کیونکہ بلوچستان ان تینوں چیزوں سے پوری طرح سے مستفید نہیں ہو رہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک سیاحت سے سے کماتے ہیں جو ان کی معیشت کا بنیادی جز ہے ہم ساحلی پٹی کو ایک بہت بڑے تجارتی حب میں تبدیل کر سکتے ہیں ہم سمندری حیات سے نہ صرف معیشت کو مضبوط کر سکتے ہیں بلکہ اپنی خوراک کی ضروریات کو بہت حد تک پورا کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ طلبہ بلوچستان کا مستقبل ہیں اور بلوچستان آپ کا ہے ہم نے پولی ٹیکنیک،ریزیڈنشل اور کیڈٹ کالجز کے معیار کو بہتر بنایا ہے ہائیر سکنڈری سکول اور صوبہ بھر میں سکولوں کی تعمیر میں اضافہ کر رہے ہیں حکومت تعلیم کی اہمیت اور افادیت سے بخوبی آگاہ ہے ، قبل ازیں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراءنے طلباءوطالبات میں لیب ٹاپ تقسیم کئے، وزیر اعلی بلوچستان نے وائس آف بلوچستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.