کوئٹہ (حال نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے صدر آزاد جموں وکشمیر محمد مسعود خان نے منگل کے روز یہاں ملاقات کی،صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی اورچیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران کشمیری عوام کی تحریک حق خودارادیت اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، آزاد کشمیر کے صدر نے اس موقع پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جاری جدوجہد اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔
وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی طرح بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ملاقات کے دوران اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ معاشی طور پر ایک مضبوط پاکستان ہی مسئلہ کشمیر کے حل میں موثر اور بھرپور کردار ادا کرسکتا ہے، ملاقات میں معاشی،اقتصادی اور قومی ترقی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی اور اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لئے ٹیکس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عوام میں ٹیکس کی ادائیگی کا شعور اجاگر کرنا ہوگا۔
عوام کے ٹیکس دینے سے دنیاسے امداد مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور قومی وقار میں اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کے لئے سخت فیصلے ناگزیر ہیں،ملکی معیشت کی بہتری کے لئے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیاں صحیح سمت میں ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات سے جی ڈی پی میں اضافہ اور خود انحصاری کے حصول ممکن ہوگا جس کے لئے عوام میں ٹیکس کی ادائیگی کا رحجان پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں مختلف شعبوں کی بہتری کے لئے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گورننس کی بہتری اور اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے منصوبے شامل ہیں، نجی شعبہ کے اشتراک سے روزگار کی فراہمی کے مواقعوں میں اضافہ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری بھی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے آزاد کشمیر کے تجربات سے استفادہ کرے گی، آزاد کشمیر کے صدر نے صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ کی کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دی۔