کوئٹہ(حال نیوز)ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ پر عمل درآمد کا آغاز جولائی میں اس کے نفاذ کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گا بجٹ پر عمل درآمد میں تاخیر کی پرانی روایات کو ختم کرکے تمام شعبوں کے لئے بجٹ بریک اپ بروقت کردیا جائے گا تاکہ تمام محکمے مناسب ٹائم فریم میں وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنا سکیں ۔
ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ نئے مالی سال کے لئے صوبائی حکومت کے پیش کردہ بجٹ کا تمام پہلووں سے باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقائق واضح ہوتے ہیں کہ بجٹ پر نہایت محنت کی گئی ہے اور اس میں تمام محکموں کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کرکے محکمہ جاتی سروس ڈلیوری کی راہ متعین کی گئی ہے اس کے بعد کم از کم کوئی بھی محکمہ یہ کہہ کر اپنے بنیادی فرائض سے تہی پہلو نہیں کرسکتا کہ اس کے پاس وسائل اور بجٹ کا فقدان تھا ۔
صوبائی بجٹ میں پہلی بار نجی شعبے میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کئے جارہے ہیں بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرکے ایک طرف سرکاری آمدن میں اضافے کے قابل حصول ممکنا اہداف طے کئے گئے ہیں وہاں ہر سال خوفناک حد تک بڑھتے ہوئے پینشن بل کا مالی بوجھ کم کرنے کے لئے بھی انویسمنٹ پر مبنی جامع مالی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ جامعات کے مالی معاملات کی بہتری و وسائل کی بلا تعطل فراہمی و شفاف استعمال کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار یونیورسٹی مالی کمیشن قائم کردیا گیا ہے جو جامعات کے مالی معاملات کو ریگولیٹ کرے گا ثانوی تعلیم میں پرائمری سے مڈل اور مڈل سے ہائی اسکول تک کے ضروریاتی گیپ کو ختم کیا جارہا ہے۔
پرائمری تا مڈل اور مڈل سے ہائی لیول تک طالب علموں کے سالانہ ڈراپ آوٹ شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ پہلے سے موجود تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک غیر معمولی رقم مختص کی گئی ہے صحت کے شعبے میں دیگر اصلاحات کے علاوہ ایک انقلابی تبدیلی یہ لائی جاررہی ہے کہ صوبے کی تمام سرکاری ہسپتالوں کے لئے ایم ایس ڈی کے زریعے ایک ہی جگہ سے ادویات کی خریداری کے عمل کو بند کیا جارہا ہے اور پرچیزنگ کے اختیارات ضلعی سطح پر منتقل کئے جاررہے ہیں اس عمل سے ایم ایس ڈی کی مرکزیت کا پہلو ختم ہوگا اور ضلعی سطح پر نہ صرف ادویات کی بروقت فراہمی ممکن ہوسکے گی بلکہ ضلعی افسر صحت جملہ انتظامی و سروس ڈلیوری کے معاملات کی جوابدہی کا ذمہ دار ہوگا۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ماضی کی روایات سے ہٹ کر بجٹ میں اراکین قانون ساز اسمبلی کے بجائے براہ راست عوام کی ضروریات کو مقدم رکھا گیا ہے اور بلا امتیاز اپوزیشن و ٹریژری بینچز کے اراکین کے حلقوں میں میرٹ پر اجتماعی منصوبوں کے لئے وسائل مختص کئے گئے ہیں بجٹ تجاویز ایک کھلی کتاب ہے جس میں ماضی کی طرح کوئی بلیک ہول اور پوشیدہ فنانشل پول نہیں بجٹ میں مختص وسائل کے ایک ایک روپے کو جسٹی فائی کیا جاسکتا ہے اور ہم جوابدہی کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے ویژن پر عمل درآمد کے لئے بد عنوانی کے تمام بریچز بند کر کے وسائل کے ضیاع کو روک دیا گیا ہے اور کرپشن کے سیلاب کے آگے باندھے گئے ان اصلاحی بندات کو سال بہ سال مضبوط بنا کر کرپشن کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔