موجودہ حکومت کا پہلا بجٹ ماضی سے مختلف ہوگا، جام کمال

0

کوئٹہ (حال نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتیں آئندہ مالی سال کے لئے ایک متوازن، قابل عمل اور عوام دوست بجٹ کی تیاری کے لئے نہ صرف پرعزم ہیں بلکہ مکمل اتفاق رائے بھی رکھتی ہیں، بجٹ تجاویز کے جائزہ اور مشاورت کے لئے قائدایوان وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اراکین کی جانب سے بجٹ کی تیاری کے مراحل پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ حکومت کا پہلا بجٹ ماضی سے مختلف اور صوبے اور عوام کے بہترین اور وسیع تر مفاد کا آئینہ دار ہوگا، شرکاءنے اپنے اپنے حلقوں کے علاوہ صوبے کی مجموعی ترقی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں، اجلاس میں شرکاءکی جانب سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے منصوبوں کی شمولیت اور بلوچستان کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں بیس فیصد حصہ دینے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی کاوشوں کو سراہا گیا۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پارلیمانی ساتھیوں کی مشاورت اور تجاویز کے ساتھ ایسا بجٹ پیش کیا جائے گا جو بلوچستان کی ترقی کی بنیاد بنے گا، ہم نے صوبے کی ترقی کی سمت کا تعین کیا ہے اور آنے والا بجٹ ترقی کے سفر کا آغاز ثابت ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دستیاب وسائل کے مطابق ترقیاتی پروگرام میںایسے منصوبے شامل کئے جائیں گے جو آئندہ دو سے تین سال میں مکمل ہوسکیں اور عوام ان سے فائدہ اٹھا سکیں جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کو کم سے کم سطح پر رکھتے ہوئے ترقیاتی مد میں زیادہ گنجائش پیدا کی جائے گی۔ اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں اپوزیشن جماعتیں بھی ترقی کے عمل کا حصہ بنتے ہوئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر بجٹ تجاویز کی حمایت کریں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.