اسلام آباد ( حال نیوز )قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 29جون تک جاری رکھا جائے گا۔ وفاقی بجٹ آج یعنی 11جون کوایوان میں پیش کیا جائیگا۔قومی اسمبلی کی ہاوس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا۔اجلاس میں قومی اسمبلی کے مالی سال 2019-20کے بجٹ اجلاس کے ایجنڈے اور اوقات کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران بجٹ اجلاس ہفتے کے روز بھی اجلاس جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
25جون کو معاون خصوصی برائے خزانہ وفاقی بجٹ پر ہونے والی بحث کو سمیٹیں گے۔اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق 26اور 27جون کو سال 2019-20کے مطالبات زراور کٹوتی کی تحریکوں پر بحث کی جائے گی۔ 28جو ن کو فنانس بل پر غور اور اس کی منظوری دی جائے گی۔29جون کوسال 2018-19کے ضمنی مطالبات زرپر بحث ہو گی اوران کی منظور ی دی جائے گی۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بجٹ اجلاس کے دوران وقفہ سوالات اور توجہ دلاونوٹس نہیں ہونگے۔
اجلاس میں وفاقی وزراءسید اعجاز شاہ، چوہدری فواد حسین، پرویز خٹک، شفقت محمود، اعظم خان سواتی، ڈاکٹر شیریں مہرالنسا مزاری، غلام سرور خان، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، ممبران قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، اقبال محمد علی خان، خالد خان مگسی، ریاض فتیانہ، حسن بلوچ اور شازیہ مری نے شرکت کی۔