عوام تیار رہیں حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے،آصف علی زرداری

0

گڑھی خدا بخش(حال نیوز) سابق صدر و شریک چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو غریب کا احساس نہیں میرا غریب جی نہیں سکتا ،عوام تیار رہیں اب حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے ہم ملک کی خاطر یہ جہاد کریں گے اور انہیں ایوانوں سے نکالیں گے اگر رہنے دیا تو50سال ملک کو پیچھے لے جانے والے اسے سو سال پیھچے لے جائیں گے پہلے کہہ دیا تھا یہ اٹھارویں ترمیم کے پیچھے پڑے ہیں.

گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ آج بھٹو کی شہادت کو40سال بیت گئے مگر لگتا ہے کہ یہ کل ہی ہوا ہے ہمیں بھٹو کی سوچ ان کی یادیں اور فکر آج تک یاد ہے، ذوالفقار علی بھٹو پورے پاکستان میں گئے اور ہر جگہ پر اپنی سوچ اور پیغام کو پہنچایا وہ جہاں بھی جاتے تھے لوگ انہیں سننے کےلئے آتے تھے، اس وقت بھی اسٹیبلشمنٹ کے لوگ مذاق اڑاتے تھے مگر بھٹو انہیں کہتے تھے کہ لوگ انہیں سمجھتے ہیں اس لیے آرہے ہیں.

2018ءکے انتخابات سے قبل جب میں نے یہ کہا کہ مجھے شک ہے یہ اٹھارویں ترمیم کے پیچھے پڑے ہیں تو اس وقت دوستوں نے تو یقین کیا مگر دشمنوں نے مذاق اڑایا آج خود وزیراعظم پھٹ پڑے ہیں جو کل تک کہتے تھے کہ وہ اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں آج کہتے ہیں کہ پیسہ صوبوں کو چلا جاتا ہے اور ان سے پیسے اکٹھا نہیں ہو رہا اگر تم سے پیسہ اکٹھا نہیں ہو رہا تو پھر حکومت چھوڑ دو انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکمرانوں کو باہر نکالیں میں یہ حکومت کرنے کیلئے نہیں کرنا چاہتا بلکہ ان لوگوں نے ملک کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے اگر انہیں مزید رہنے دیا تو ملک100سال پیچھے چلا جائے گا.

8ماہ میں ڈالر40روپے مہنگا ہو گیا، ٹماٹر، دالیں، سبزی مہنگی ہو گئی، تیل کی قیمت ڈبل ہو گئی آج میرا غریب جی نہیں سکتا یہ نہیں سمجھتے کہ جس غریب کی آمدن25سے30ہزار ہے وہ8ہزار بجلی کا بل کہاں سے دے گا انہیں غریب کا احساس نہیں انہیں سوچ نہیں ہے تو پھر لوگو تیار ہو جا انہیں نکالنے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں جیل میں ہوں یا پھر باہر ہوں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم انہیں ایوانوں سے نکالیں گے ہم ان کی طرح نہیں کہ کنٹینر پر شور مچا کر رات کو گھر جائیں گے اور صبح واپس آئیں گے ہم سڑکوں پر رہیں گے اور انہیں نکال کر ہی دم لیں گے عوام اپنے صبر کا پیمانہ لبریز نہ کریں ہم بہت جلد انہیں نکالنے کی تحریک چلائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.