کوئٹہ (حال نیوز ) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مستقبل کی سرمایہ کاری کا مرکز بلوچستان ہے، کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر اور ویئر ہاسز تعمیر کئے جائیں گے جن سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر وائس پریذیڈنٹ حاجی جمال الدین اور صوبائی وزرا بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی نمائندگی بلوچستان کے پاس ہونے سے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم دستیاب ہوا ہے، فیڈریشن بلوچستان میں سرمایہ کاری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے آگے آئے،
فیڈریشن کے صدر نے بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور صنعت کاری کے فروغ کے لئے بلوچستان حکومت کی پالیسی اور وزیراعلی کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرے گی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، انہوں نے وزیراعلی کو فیڈریشن ہاس کراچی میں سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرنے کی دعوت بھی دی۔