اسلام آباد( حال نیوز ) سابق صدر پرویز مشرف 13 مئی کو عدالت کے سامنے پیش ہونے پر رضامند ہو گئے جب کہ ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے سے دوبارہ انکار کر دیا۔اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی۔
خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو 2 مئی کو طلب کر لیا۔پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پرویز مشرف 13 مئی کو عدالت آنا چاہتے ہیں۔جسٹس طاہرہ صفدر نے ریمارکس دیے کہ 13 مئی کو رمضان چل رہا ہوگا اور رمضان میں ججز کی دستیابی مشکل ہو گی، مشرف نے آنا ہے تو 2 مئی کو بھی آ جائیں گے اور اگر مشرف نہ آئے تو عدالت بیان ریکارڈ کرنے سے متعلق مناسب حکم دے گی۔
سابق صدر پرویز مشرف نے ایک بار پھر ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کر دیا جب کہ عدالت میں بریت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی۔پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے بھی مشرف کی جانب سے بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میرے مکل اسکائپ پر بیان ریکارڈ نہیں کرائیں گے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ عام حالات میں بیان کی ریکارڈنگ کے لیے ملزم کی حاضری لازمی ہوتی ہے تاہم یہاں مخصوص حالات کی بات ہو رہی ہے۔