شارجہ( حال نیوز )پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگیا ٹیم مینجمنٹ نے شان مسعود کا ون ڈے ڈیبیو کیلئے انتظار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ پہلے ون ڈے میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ رنز بنانے کے بعد دورہ جنوبی افریقہ میں انجرڈ حارث سہیل کا خلا پر کرتے ہوئے شان مسعود نے ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، انھیں ون ڈے سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا لیکن پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں مل سکی تھی، اب آسٹریلیا کیخلاف ان کا ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کا خواب پورا ہوگیا ۔
اس سے قبل شان مسعود ایشیا کپ کیلئے سکواڈ میں بھی منتخب ہوئے تھے،شان مسعود نے کہا کہ میں ایشیاکپ میں کھیلنے کی توقع کر رہا تھا لیکن بوجوہ ایسا ممکن نہ ہو سکا،میں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہوا، ون ڈے میں کبھی موقع ہی نہیں ملا تھا، ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنائے اور کم بیک کرنے میں کامیاب ہوا، امید ہے کہ ٹیسٹ کی کارکردگی ون ڈے میچز میں بھی دہرانے میں کامیاب ہو جاں گا۔