ملائیشیا کی پاکستان کے جے ایف 17طیاروں کی خریداری میں دلچسپی
اسلام آباد( حال نیوز )پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ 5 بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ جے ایف 17طیاروں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملائیشیا نے پاکستان کو دفاعی نمائش میں شرکت کرنے کی دعوت دی ہے۔پاکستان دفاعی نمائش میں کے ایف 17طیاروں کی نمائش کرے گا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ملائیشیا نے پاکستان کے حلال گوشت اور چاول خریدنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔پاکستان سیاحت کے شعبہ میں ملائیشیا کے تجربات سے مستفید ہو گا۔پاکستان ملائیشیا کو ٹینک شکن میزائل برآمد کرنے کے معاہدے پر جلد عمل کرے گا،دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
مشیر تجارت رزاق داد نے بتایا کہ پاکستان کے ملائیشیا کے ساتھ معاہدے پاکستان کی جنوبی ایشیائی ملکوں کی تنظیم اے ایس ای اے این کی رکنیت کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملائیشیا سے آنے والے کاروباری افراد نے دوسرے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
مشیر تجارت کے مطابق ملائیشین کاروباری افراد توانائی اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ ملائیشین وزیر اعظم تین روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں،وہ یومِ پاکستان کی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر عمران خان کی دعوت پرپاکستان تشریف لائے ہیں۔