فضل الرحمان افغانستان روانہ، خطے میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کریں گے

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان طالبان حکومت کی دعوت پر افغانستان کے لیے روانہ ہو گئے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی افغانستان کے لیے روانہ ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان افغان حکومت کی خصوصی دعوت پر افغانستان گئے ہیں، دورے میں خطے میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔

 افغان حکام سے کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی جائیگی: ذرائع

ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا عبدالواسع، سلیم الدین شامزئی، مولانا امداد اللہ، دارالعلوم حقانیہ کے مولانا ادریس حقانی، مولانا صلاح الدین ایوبی، مفتی ابرار اور جنوبی وزیرستان سے سابق رکن اسمبلی مولانا جمال الدین محسود بھی افغانسان جانے والوں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی افغان عبوری حکومت کے حکام اور افغان علماء کرام سے ملاقاتیں ہوں گی، دورے میں پاک افغان تعلقات اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور افغان حکام سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا اور افغان سرزمین کے پاکستان کےخلاف مسلسل استعمال پر بھی بات ہو گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.